وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وفاق پر مسلط کرپٹ ٹولے نے ایک ہارے ہوئے شخص کو پاکستان تحریک انصاف کے خلاف بہتان تراشی کے لئے رکھا ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وفاق پر مسلط کرپٹ ٹولے نے ایک ہارے ہوئے شخص کو پاکستان تحریک انصاف کے خلاف بہتان تراشی کے لئے رکھا ہوا ہے۔ اختیارولی خود ایک جعلی کوآرڈینیٹر ہے جسے عوام کسی صورت سنجیدہ لینے کو تیار نہیں،اختیارولی ایک غیر سنجیدہ اور ناکام سیاسی کردار ہے، جو روزانہ ایک منتخب صوبائی وزیراعلیٰ کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈا کرتا ہے، اختیارولی اور اس کی جماعت خود انتشاری اور منفی سیاست کی علامت ہیں، پاکستان تحریک انصاف اور وزیر اعلی محمد سہیل آفریدی کے خلاف اختیارولی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ نوشہرہ کے باشعور عوام نے جعلی کوآرڈینیٹر کو مسترد کر کے اس کی سیاسی حیثیت واضح کر دی ہے۔ عوام کی جانب سے مسترد ہونے کے بعد اب وہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف الزام تراشیوں میں مصروف ہے،انھوں نے اختیار ولی کو مشورہ دیا کہ کی ٹی آئی کے خلاف زہر اگلنے کے بجائے امیر مقام کا مقابلہ کریں کیونکہ امیر مقام نے انھیں اپنے ویلج کونسل میں پارٹی کا صدر بھی بننے نہیں دیا،مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ ن لیگ کی غلط معاشی پالیسیوں نے ملک کو شدید معاشی عدم استحکام سے دوچار کر دیا ہے۔ دہائیوں تک اقتدار میں رہنے کے باوجود ن لیگ ہر بار آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر مجبور نظر آتی ہے۔ ملک کو ترقی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے پاس نہ کوئی واضح وژن ہے اور نہ ہی کوئی مربوط حکمت عملی،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح اور معیشت کی بہتری کے بجائے اپنی کرپشن چھپانے پر مرکوز ہے۔ پاکستانی عوام باشعور ہیں اور روزانہ کی جھوٹی اور من گھڑت پریس کانفرنسوں کے ذریعے قوم کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا،شفیع جان نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے مسلم لیگ (ن) کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ ملک پر قابض سیاسی ٹولے نے پی ٹی آئی کے خلاف ظلم، جبر اور فسطائیت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ گزشتہ رات اڈیالہ جیل کے باہر شدید سردی میں علیمہ خان، پارٹی کارکنان اور پارلیمنٹرینز پر واٹر کینن کا استعمال اس فسطائی طرز عمل کا واضح ثبوت ہے،انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔ وفاقی حکومت کی ناکام پالیسیوں کے باعث عوام دن بدن غریب سے غریب تر جبکہ وفاق اور پنجاب پر مسلط جعلی حکمران مزید امیر ہوتے جا رہے ہیں، جو اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا کرپٹ ٹولہ قومی خزانے کو گدھ کی طرح نوچ رہا ہے۔

مزید پڑھیں