پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید معاشی ظلم ہے، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید معاشی ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر عوامی مینڈیٹ کی فارم 47 کی وفاقی حکومت مہنگائی کے ذریعے غریب عوام کا استحصال کر رہی ہے۔شفیع جان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نام نہاد تجربہ کار معاشی ٹیم کی ناکام پالیسیوں نے ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا، جو انتہائی افسوسناک اور عوام دشمن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہر ماہ 130 سے 150 ارب روپے لیویز کی مد میں عوام سے وصول کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب عوام مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس بحران اور بدترین معاشی حالات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ فارم 47 حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں نے عوام کو اندھیروں اور گیس بحران کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو عوامی مسائل، مہنگائی اور بے روزگاری سے کوئی سروکار نہیں، یہی وجہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مہنگائی کا طوفان مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔شفیع جان نے مزید کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا محدود وسائل کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت نے احساس فیول سپورٹ اسکیم سمیت مختلف فلاحی منصوبوں کے ذریعے عوامی مشکلات کم کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور خیبرپختونخوا حکومت عوامی حقوق کے تحفظ اور مہنگائی کے خلاف ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی۔

مزید پڑھیں