معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کی بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں 15 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں شفیع جان نے شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، پوری قوم اپنے بہادر پولیس اہلکاروں پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس چوکی پر حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے، اسلام سمیت کوئی بھی مذہب اس طرح کی کارروائیوں کی اجازت نہیں دیتا انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی ایسی مذموم کارروائیاں نہ تو عوام اور نہ ہی سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست کر سکتی ہیں۔شفیع جان نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت یقینی بنائی جائے گی۔معاون خصوصی شفیع جان نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کیلئے صبر و جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

مزید پڑھیں