وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ آج سپریم کورٹ کے سامنے پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمنٹیرینز کی کثیر تعداد میں شرکت نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان اپنے بانی چیئرمین عمران خان کی صحت اور بنیادی حقوق کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ ایک سابق وزیراعظم اور ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے بانی چیئرمین کو بنیادی انسانی آئینی و قانونی حقوق سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ عمران خان کو جعلی اور سیاسی مقدمات میں ناحق قید رکھا گیا ہے،وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے بنیادی حقوق کے تحفظ، ان کی صحت اور انہیں مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پاکستان تحریک انصاف آئینی، قانونی اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ،انہوں نے کہا کہ آج بھی عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی آئین و قانون بلکہ عدالتی احکامات کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اگر عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی تو جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمنٹیرینز اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہوں گے۔شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، ان کے ذاتی معالجین تک رسائی، اہل خانہ سے ملاقات اور بنیادی حقوق کی بحالی کے مطالبات بالکل واضح ہیں،ان مطالبات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے انسانی، آئینی اور قانونی معاملے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انصاف کا تقاضہ ہے کہ عمران خان کی صحت اور ان سے ملاقاتوں سے متعلق دائر پٹیشنز کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جانا چاہیے
