وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ جیل میں ناحق قید اپنے قائد عمران خان کو آئینی، قانونی اور پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے رہا کر کے عوام کے ووٹ کی طاقت سے ایک بار پھر وزیراعظم بنائینگے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ جیل میں ناحق قید اپنے قائد عمران خان کو آئینی، قانونی اور پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے رہا کر کے عوام کے ووٹ کی طاقت سے ایک بار پھر وزیراعظم بنائینگے، اگر پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگائی گئی یا مسلم امہ کے مقبول لیڈر عمران خان پر غداری کے مقدمات قائم کرنے کی کوشش کی گئی تو خیبرپختونخوا سمیت پوری قوم عمران خان کی شانہ بشانہ ڈٹ کر کھڑی ہوگی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے جو جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے، ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی کو دیوار سے نہ لگایا جائے، انہوں نے کہا کہ آج کوہاٹ نے اپنا اختیار وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کو دے دیا ہے، ایک کامیاب عوامی جلسے نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ کوہاٹ پاکستان تحریک انصاف کا مضبوط گڑھ ہے اور کامیاب جلسہ عوام کا پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد اور مقبولیت کا مظہر ہے۔ کوہاٹ جلسے سے خطاب او بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نوجوان وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ پوری قوم کی نظریں بانی چیئرمین عمران خان پر مرکوز ہیں، انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے غیور عوام نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان کا جلسہ ہو یا وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا، کوہاٹ پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ تھا، ہے اور رہے گا۔ شفیع جان نے پنجاب اور وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مینڈیٹ چور پنجاب حکومت نے ملک کے سب سے مقبول سیاسی لیڈر عمران خان کو قید میں ‘تنہائی’ میں رکھا ہوا ہے،مسلم لیگ ن کی کٹھ پتلی حکومت عوامی مینڈیٹ چوری کر کے عوام کے فیصلے کا احترام کرنا نہیں جانتی، مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور بدحالی کے سوا کچھ نہیں دیا، نااہل وفاقی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ نوجوان وزیراعلی محمد سہیل آفریدی کی گورننس دیگر صوبوں کے لئے قابل تقلید ہے، شفیع جان نے جلسے میں بھرپور شرکت پر کوہاٹ کے عوام کے جذبے اور جوش و خروش کو سراہا اور انکا شکریہ ادا کیا ہے۔

مزید پڑھیں