وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے معروف صحافی مرحوم سیلاب محسود کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم سیلاب محسود کی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ قبائلی خطے کے لئے انکی صحافتی خدمات کو سراہتے ہیں – سیلاب محسود نے ایسے مشکل وقت اور کٹھن حالات میں صحافت کی جب ایف سی آر جیسے کالے قوانین نافذ تھے اور علاقہ دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا، ان کی صحافتی خدمات صحافتی برادری کیلئے مثال ہے۔ سیلاب محسود کی ایف سی آر قوانین کے خلاف و انسانی حقوق کے لیے خدمات ہمشہ یاد رکھی جائیں گی۔ معاون خصوصی شفیع جان نے سیلاب محسود کی خدمات کے اعتراف میں گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب محسود چئیر کے قیام اور انکے آبائی علاقے لدھا محسود میں سیلاب محسود کے نام پر پبلک لائبریری کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ اعلانات یونیورسٹی آف پشاور کے میوزیم ہال میں محسود پریس کلب کی جانب سے سیلاب محسود کی یاد میں منعقدہ تقریب میں کئے۔ تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی آصف محسود اورطارق سعید سمیت وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان، قومی مشران، سیاسی و صحافتی برداری اور انکے رفقاء نے شرکت کی۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں صحافی شمس مومند، فخر کاکا خیل، شمیم شاہد، یاسین قریشی سمیت دیگر شرکاء نے مرحوم سیلاب محسود کی صحافتی، ادبی اور سماجی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور انکے ساتھ گزرے ہوئے لمحات کا ذکر کیا۔تقریب سے اپنے خطاب میں معاون خصوصی شفیع جان کا کہنا تھا کہ سیلاب محسود نے ظلم کا مقابلہ قلم سے کیا اور اپنے قلم سے معاشرے کے اصلاح میں اہم کردار ادا کیا۔ سیلاب محسود نے قومی و بین الاقوامی اداروں میں خدمات سر انجام دیں۔ وہ قوم ترقی نہیں کرتی جو اپنے ہیرو بھول جاتے ہیں زندہ قومیں اپنے ہیروز کی قدر کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے چارج سنبھالنے کے بعد عوامی فلاحی اقدامات کو ترجیح بنایا ہوا ہے اور تمام حکومتی فیصلے عوامی مفاد میں کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں پریس کلبز کے مسائل کے حل کے لئے کام کررہے ہیں اور تمام پریس کلبوں کو فنڈز جاری کئے جائیں گے تاکہ صحافتی برادری کے مسائل حل ہوں اور ان کو کام کے بہتر مواقع حاصل ہوں۔ محسود پریس کلب کی جانب سے منعقدہ تقریب میں سیلاب محسود مرحوم کی زندگی پر بنائی گئی ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔ قبل ازیں تقریب میں معاون خصوصی شفیع جان کو روایتی پگڑی پہنائی گئی۔ تقریب میں شمالی وزیرستان میران شاہ پریس کلب کے عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف بھی لیا گیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے پریس کلب کابینہ سے حلف لیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔میڈیا سے اپنے گفتگو میں معاون خصوصی شفیع جان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کوہاٹ میں پاکستان تحریک انصاف نے تاریخی پاور شو کا انعقاد کیا جسمیں نوجوان وزیراعلی محمد سہیل آفریدی سمیت پارٹی قائدین نے شرکت کی۔ ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے بلکہ آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ گڈ گورننس میں اگر صوبے ہم سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو ہم کسی بھی صوبے سے مقابلے کے لئے تیار ہیں۔ نوجوان وزیراعلی محمد سہیل آفریدی کی ترجیحات میں گڈ گورننس اولین ہے۔ صحافت کی آڑ میں منفی پروپیگنڈا و بلیک میلنگ کو بند کیا جانا چاہیے۔ رجیم چینج کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی آواز کو دبایا گیا۔ بانی چیئرمین عمران خان کے نام و تصویر نشر کرنے پر پابندی عائد کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا بیانیہ پھیلایا۔ پارٹی کی کامیابی میں سوشل میڈیا نے اہم کردار ادا کیا۔ پختونخوا کے عوام کا ایک ہی لیڈر ہے وہ عمران خان ہے۔ عمران خان کی نرسری سے نئی نوجوان قیادت سامنے آئی ہے۔ فارم 47 کی حکومت نے بانی چیئرمین عمران خان کے پیغامات و ملاقاتوں کا سلسلہ بند کردیا ہے۔
