وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع اللہ جان نے ہفتہ کے روز بٹگرام پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع اللہ جان نے ہفتہ کے روز بٹگرام پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شفیع جان نے پریس کلب کی بلڈنگ کا جائزہ لیا اور سبزہ زار میں پودا لگایا۔ پریس کلب صدر احسان نسیم اور جنرل سیکرٹری ہمایون بابر کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔شفیع اللہ جان نے پریس کلب و یونین آف جرنلسٹس بٹگرام کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعدپہلا دورہ بٹگرام پریس کلب کا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد تحریک انصاف کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اورہم سے حقوق چھینے گئے، زبردستی پریس کانفرنسز کروائیں گئیں۔ پی ٹی آئی رہنما اور کارکن اب بھی جیلوں میں ہیں اور عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام خیبر پختونخوا کی سیاسی پارٹیوں اور مشران کو صوبائی اسمبلی میں اکٹھا کرکے بڑا جرگہ کیا گیا۔ گرینڈ امن جرگہ کے 15 نکات خطے میں امن کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کابینہ کے تمام ممبران اپنے فرائض ملک وقوم اور عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے استعمال میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے بہت قربانیاں دی ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے صحافیوں کے خلاف کوئی محاذ نہیں چھوڑا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی کابینہ عام لوگوں پر مشتمل ہے۔ اور ہم عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں، اسے مشکلات کے باوجود آگے لے کر جائیں گے۔ سپاسنامہ میں ذکر کئے گئے پریس کلب بٹگرام کے تمام مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے پریس کلب بٹگرام کی گرانٹ ایک ملین سے بڑھا کر دو ملین روپے کرنے کا اعلان کیا۔صوبائی حکومت یہاں کے صحافیوں کو بڑے شہروں کے صحافیوں کے برابر سہولیات فراہم کرے گی۔شفیع اللہ جان نے کہا کہ فارم 47 کی حکومت نے بھٹو کے متفقہ آئین کو بگاڑ دیا۔ جب بھی ہماری حکومت آئی آئین میں کی گئی تمام ترامیم واپس کریں گے۔بشریٰ بی بی کے حوالے سے دی اکانومسٹ نے من گھڑت اور گمراہ کن اسٹوری چلائی۔بشریٰ بی بی چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ اس موقع پر بٹگرام پریس کلب کے صحافیوں کی جانب سے مستقل بلڈنگ کی تعمیر، ڈیجیٹل سٹوڈیو، لائبریری و کمپوٹر لیب کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔ مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفیع اللہ جان کابٹگرام جیسے دور افتادہ علاقے میں تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پریس کلب و یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ بٹگرام دور افتادہ علاقہ ہونے کی وجہ سے صحافیوں کو زیادہ مسائل درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ملک میں قانون و آئین کی حکمرانی کے قیام میں کردار ادا کرنا چاہئیے۔پی ٹی آئی کے کارکنان ناحق قید و بند کی صعوبتیں سہہ رہے ہیں۔ تاج محمد خان ترند نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد ملک میں قانون کی حکمرانی اور حقیقی جمہوریت کے لیے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں