صوبائی حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات اٹھا رہی ہے، شفیع جان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ، ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے تاریخ ساز اقدامات اٹھا رہی ہے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے کی اقلیتی برادری کے لئے 86 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے فوکل پرسن برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام میں کیا ہے، معاون خصوصی شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کی تعلیم، روزگار کی فراہمی اور عبادت گاہوں کی بہتری کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے اس سلسلے میں وزیر اعلی نے 86 کروڑ روپے کے لاگت سے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دی ہے، انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طلبہ کے لئے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک سکالرشپس کی مد میں 8 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے جبکہ اقلیتی نوجوانوں کے لئے سی ایس ایس اور پی ایم ایس جیسے مقابلے کے امتحانات کی تیاری اور سکلز ٹریننگ کے لئے 20 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں،شفیع جان نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، کمیونٹی ایکسچینج پروگرامز اور اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کے انعقاد کے لئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، اسی طرح ضم اضلاع میں عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لئے 10 کروڑ روپے جبکہ بندوبستی اضلاع میں عبادت گاہوں کی مرمت اور بہتری کے لیے 7 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ شمشان گھاٹ اور قبرستانوں کی مرمت و بحالی کے لیے 10 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں، اقلیتی برادری کے لیے جاری دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے شفیع جان نے بتایا کہ عبادت گاہوں اور اقلیتی کالونیوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر 41 کروڑ روپے کی لاگت سے کام جاری ہے، جو صوبائی حکومت کے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے پختہ عزم کا ثبوت ہے،معاون خصوصی نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں اقلیتی طلبہ کے لیے 2 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ سرکاری محکموں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہتر طرز حکمرانی میں خیبر پختونخوا دیگر صوبوں سے آگے ہے،اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے فوکل پرسن برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے اقلیتوں کے لئے ترقیاتی پیکج کی منظوری اور خطیر فنڈز مختص کرنے پر وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے صوبے کی اقلیتی برادری بھرپور انداز میں مستفید ہوگی۔

مزید پڑھیں