مذہبی و تعلیمی ادارے نوجوانوں کی اخلاقی اور فکری تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات شفیع جان

79ویں یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر متحدہ علمائ کونسل کوہاٹ ڈویژن اور محکمہ امورِ نوجوانان کوہاٹ کے زیراہتمام مدرسہ انوار الصحابہ جنگل خیل کوہاٹ میں جذبہ حب الوطنی سے سرشار ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی ۔ جس کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رشید پراچہ، جید علمائ کرام، طلبائ اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں عام لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بچوں اور نوجوانوں کیلئے مختلف معلوماتی و مثبت سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ حسنِ قرأت کے مقابلے میں بچوں نے خوش الحانی سے تلاوتِ کلامِ پاک پیش کی جبکہ تقریری مقابلوں اور معلوماتِ عامہ کے کوئز کے ذریعے نوجوانوں کی دینی، تعلیمی، تاریخی اور عمومی معلومات کو اجاگر کیا گیا۔مقررین نے یومِ آزادی کی اہمیت اور قیامِ پاکستان کیلئے بانیانِ پاکستان اور اسلاف کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ وزیر اطلاعات شفیع جان نے اس پُرمسرت موقع پر تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذہبی و تعلیمی ادارے نوجوانوں کی اخلاقی اور فکری تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ایسی تقریبات قومی شعور، حب الوطنی اور باہمی اتحاد کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، اتحاد، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں اور نوجوانوں میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ شرکائ نے کامیاب اور بامقصد تقریب کے انعقاد پر پیر شاہنواز اور دیگر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ملکی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں