خیبرپختونخوا میں خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔ اس حوالے سے ورسک روڈ پشاور کے ایک مقامی سکول میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان، صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ سمیت محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی کے معاون خصوصی شفیع جان نے کہا کہ صوبہ بھر میں 12 روزہ مہم 29 نومبر تک جاری رہے گی، اس دوران تقریباً 60 لاکھ بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین اور ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔شفیع جان نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جلد صوبے میں ایمرجنسی نافذ کی جارہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات تک مؤثر اور بروقت رسائی مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چئیرمن عمران خان کے ویژن کے تحت وزیراعلی کی قیادت میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ویکسینیشن مہم کی کامیابی میں اساتذہ، والدین اور علمائے کرام کا کلیدی کردار ہے۔ حکومت سمیت معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششوں سے ہی اس قومی ذمہ داری کو مؤثر انداز سے پورا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام کے ووٹ سے منتخب ہوئے ہیں اور عام لوگوں کے مسائل کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں۔ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھا رہی ہے۔
