صوبائی وزیر شفیع جان کی باجوڑ میں انسداد پولیو ٹیموں پر فائرنگ کی شدید مذمت

صوبائی وزیر شفیع جان نے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں انسداد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر شفیع جان نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ انسداد پولیو جیسے قومی فریضے کی ادائیگی کے لئے ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بہادر پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پوری قوم اپنے شہداء پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔شفیع جان نے شہید پولیس اہلکاروں کے بلند درجات، پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے دعا بھی کی۔

مزید پڑھیں