پشاور شہر کے 19 معروف بازاروں کی تزئین و آرائش، ماڈل محلے ، سیف سٹی منصوبے اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، ثمر ہارون بلور

گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ پشاور کے تاریخی اور معروف بازاروں کی جغرافیائی شناخت، تاریخی اہمیت اور تجارتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تزئین و آرائش کا جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت شہر کے 19 اہم بازاروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔روزنامہ آج کے دفتر کے دورے کے موقع پر خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ مینا بازار، رامداس اور دیگر معروف تجارتی مراکز کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ بازاروں میں لٹکتی بجلی کی تاروں کا خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ فائبر گلاس کی چھتیں نصب کرنے اور بجلی کی تاروں کو ان چھتوں کے اوپر سے منتقل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ انم صنم چوک، کوہاٹی گنج، نشتر آباد اور دیگر اہم چوکوں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت تاجروں کے تعاون سے پشاور میں سیف سٹی منصوبہ شروع کرنے کی خواہاں ہے، جس کے تحت حکومت اور تاجر برادری کے باہمی اشتراک سے بازاروں میں نگرانی کے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ بازاروں کی تزئین و آرائش کے ساتھ آگ سے بچاؤ کے حفاظتی آلات کی تنصیب بھی یقینی بنائی جائے گی۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پشاور کی ہر یونین کونسل میں ایک ماڈل سٹریٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس کا آغاز تجرباتی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ منصوبے کے مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور کی تاریخی اور ثقافتی وراثت کے تحفظ کے لیے دلیپ کمار اور راج کپور کے تاریخی گھروں کی بحالی اور تزئین و آرائش بھی منصوبے کا حصہ ہے۔شہر میں گیس کی قلت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مشیراطلاعات نے کہا کہ پشاور کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے بڑے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ آسیہ گیٹ، کوہاٹی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں گیس کی قلت دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ان منصوبوں کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی رائلٹی کا معاملہ گورنر خیبر پختونخوا کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے۔ گورنر نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا، جس پر وزیراعظم نے متعلقہ امور کے جائزے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی میں گورنر خیبر پختونخوا، چیف سیکرٹری، امیر مقام اور وفاقی حکومت کے متعلقہ عہدیدار شامل ہوں گے۔پشاور میں رکشوں کی رجسٹریشن کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ شہر میں تقریباً ایک لاکھ دس ہزار رکشے موجود ہیں، جن میں سے صرف 30 ہزار رجسٹرڈ ہیں۔ غیر رجسٹرڈ رکشوں کے مالکان کو معاوضہ دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، تاہم مالی وسائل کی کمی کے باعث فی الحال معاوضے کی ادائیگی ممکن نہیں۔پولیس اہلکاروں کی مراعات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پولیس کی مراعات میں اضافے کے فیصلے پر جلد عمل درآمد ممکن بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی مراعات میں اضافے کے معاملے سے روگردانی نہیں کی جا سکتی۔ اس سلسلے میں سفارشات پر مشتمل سمری محکمہ قانون میں تیار کی جا رہی ہے۔کوہاٹ کو مخصوص اضلاع میں شامل کرنے کے حوالے سے ثمر ہارون بلور نے واضح کیا کہ تاحال ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کے اعتبار سے کوہاٹ مخصوص اضلاع سے بہتر ہے، جبکہ مخصوص اضلاع آج بھی پسماندگی کا شکار ہیں۔سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کا خط جوڈیشل این آر او حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کا پمز میں علاج بھی جاری ہے اور وہ اپنی جماعت کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کرتے ہیں، جبکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر سیاسی ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو ملک میں سیاسی استحکام کے لیے مناسب نہیں ہے۔

مزید پڑھیں