خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے کوہاٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (KIMS) میں پانی کی قلت کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کیلئے اقدامات تیز کرتے ہوئے ٹیوب ویل منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کرا دیا ہے جبکہ آبپاشی اور شہری ترقی کے متعدد منصوبوں پر بھی پیشرفت جاری ہے۔ حکام کے مطابق KIMS میں کافی عرصے سے پانی کی شدید کمی کے باعث طلبہ کو مشکلات کا سامنا تھا۔ طلبہ کے مطالبے پر وزیر اطلاعات شفیع جان نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے مسئلے کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں جس کے بعد ٹیوب ویل کی تنصیب اور متعلقہ کام کا آغاز کر دیا گیا۔ توقع ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے طلبہ کو مستقل بنیادوں پر پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ ادھر وزیر اطلاعات شفیع جان اور رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کے فنڈز سے جھنڈی اسٹیشن کے سول چینل کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ مقامی آبادی کے مطابق یہ منصوبہ علاقے کا ایک اہم اور دیرینہ مطالبہ تھا جس سے زرعی شعبے کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ سول چینل کی تعمیر سے پانی کے ضیاع میں نمایاں کمی آئے گی، آبپاشی کا نظام بہتر ہوگا اور زرعی زمینوں کو بروقت پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ اس منصوبے سے پانی کے وسائل کے مؤثر استعمال کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار میں اضافے اور مقامی معیشت کے استحکام کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔دوسری جانب وزیر اطلاعات شفیع جان اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شہریار خان آفریدی کے فنڈز سے اربن فور ملنگ آباد جنگل خیل میں گلیوں اور نالیوں کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ مقامی رہائشیوں نے ان ترقیاتی منصوبوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ صحت، آبپاشی اور شہری سہولیات سے متعلق ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف عوامی مسائل میں کمی آئے گی بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کو بھی فروغ ملے گا
