پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے فضل خان کو اٹھانا آئین، قانون اور عوامی مینڈیٹ کی سنگین پامالی ہے، شفیع جان

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات، سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں رشکئی انٹرچینج سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فضل خان کو اٹھائے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب عوامی نمائندے کو اٹھانا آئین، قانون اور خیبر پختونخوا کے عوامی مینڈیٹ کی سنگین پامالی ہے۔ایسے غیر قانونی ہتھکنڈے اور جبر کا نظام قائد عمران خان کے سپاہیوں کے حوصلے نہیں توڑ سکتا۔ 27 ستمبر کا لانگ مارچ آئین کی بحالی، حقیقی آزادی اور اس فسطائیت کے خاتمے کا دن ثابت ہو گا۔ قوم اب پیچھے نہیں ہٹے گی!بعد ازاں اپنے دفتر سے جاری بیان میں شفیع جان نے کہا کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔ لانگ مارچ پرامن ہوگا اور آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کیا جائے گا۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی ہسپتال منتقلی اور جیل میں ان کے بنیادی حقوق و جیل مینوئل کے مطابق سہولیات کی بحالی کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے ہر آئینی و قانونی فورم سے رجوع کیا ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کو الشفا ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا، جبکہ ان کی بہنوں سے ملاقاتیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ قریب آتے ہی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر قانونی ہتھکنڈوں کا استعمال تیز کر دیا گیا ہے۔ منتخب اراکین اسمبلی، عمران خان کی بہنوں، پارٹی قیادت اور کارکنوں کے خلاف گرفتاریوں، جبر اور غیر قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عمران خان کی بہنوں کو گرفتار کیا گیا، ان کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور کارکنوں کے گھروں کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ پنجاب حکومت کو ایسے ہتھکنڈوں کا جواب دینا ہوگا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے آئینی، جمہوری اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ غیر قانونی ہتھکنڈوں کے ذریعے تحریک انصاف کے کارکنوں کے حوصلے نہیں توڑے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں تمام سیاسی جماعتوں کو احتجاج، جلسوں اور لانگ مارچ کا آئینی و جمہوری حق حاصل تھا، لیکن آج پاکستان تحریک انصاف کو اپنے بنیادی اور آئینی حق سے بھی محروم کیا جارہا ہے
شفیع جان نے واضح کیا کہ ہم اسلام آباد پر دھاوا بولنے کے لیے نہیں نکل رہے بلکہ اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور عمران خان نے ہمیشہ کارکنوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا اور عوام بڑی تعداد میں اس میں شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں