وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا شفیع جان نے معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ طارق سعید مروت کے ہمراہ محکمہ داخلہ کے زیر انتظام ایمرجنسی ہیلپ لائن سینٹر 911 کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر رفاقت خان نے انہیں 911 ایمرجنسی سروس کے آپریشنز، کارکردگی اور جدید نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہری ایک ہی ہیلپ لائن 911 کے ذریعے پولیس، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، ٹورازم اور دیگر متعلقہ اداروں تک ہنگامی صورتحال میں فوری رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ نظام مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور بروقت ردعمل کو یقینی بناتا ہے۔ بریفنگ میں مزید گیا کہ شہری موبائل سم یا نیٹ ورک کے بغیر بھی ہنگامی صورتحال میں 911 پر کال کر سکتے ہیں،اس موقع پر وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن عوام کو مربوط، جدید اور بروقت ایمرجنسی خدمات کی فراہمی کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ نظام نہ صرف عوام کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے بلکہ متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کو بھی مزید مؤثر بنائے گا،شفیع جان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوام کو جدید، مربوط اور تیز رفتار ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 2022 میں خیبر پختونخوا میں 911 ایمرجنسی سروس کا افتتاح کیا تھا، تاہم بدقسمتی سے وفاقی حکومت نے صحت کارڈ کی طرح اس عوامی خدمت کے اہم منصوبے کو بھی معطل کر دیا تھا،وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو عالمی معیار کی ایمرجنسی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے
