وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں، شفیع جان

وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمدسہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود، شفاف طرز حکمرانی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی پائیدار ترقی کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ عوامی مسائل کا بروقت حل اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سول سیکرٹریٹ میں اپنے دفتر میں بدھ کے روز مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔اس موقع پر وفود میں شامل افراد نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش اجتماعی نوعیت کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات اور دیگر عوامی امور سے متعلق صوبائی وزیر کو آگاہ کیا،صوبائی وزیر نے وفود کے مسائل کو غور سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران سے رابطہ کرکے عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔شفیع جان نے کہا کہ بانی چئیرمن عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہوکر صوبائی حکومت صحت، تعلیم، امن و امان، انفراسٹرکچر، مواصلات، صاف پانی، توانائی، زراعت اور دیگر عوامی فلاحی شعبوں میں اربوں روپے کی لاگت سے منصوبوں پر عملدرآمد کر رہی ہے تاکہ ترقی کے ثمرات صوبے کے ہر شہری تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور تمام دستیاب وسائل عوام کی بہتری پر خرچ کیے جا رہے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر صوبائی وزرا مختلف اضلاع کے دورے کرتے ہیں تاکہ شہریوں کے مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔ صوبائی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور مستحکم خیبر پختونخوا کی تعمیر کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں