اسپیکر پنجاب اسمبلی کا بیان آئین، جمہوریت اور مہمان نوازی کے منافی ہے، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو شخص خود پنجاب اسمبلی کو“ماسی کا گھر”قرار دے چکا ہو وہ آج آئین، جمہوریت اور مہمانوں کے احترام پر لیکچر دے رہا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا دورہ لاہور جعلی پنجاب حکومت کے ظلم و فسطائیت کا شکار کارکنوں اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے تھا تاہم ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ ایک منتخب وزیراعلیٰ کے دورے سے پوری پنجاب حکومت خوف اور گھبراہٹ کا شکار ہو جائے گی،شفیع جان کا کہنا تھا کہ منتخب وزیراعلیٰ کے دورے کو چھلانگیں قرار دینا دراصل اسپیکر پنجاب اسمبلی کی سیاسی گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے،اسپیکر جیسے آئینی عہدے پر فائز شخص کو شریف خاندان کا ذاتی ملازم بننے کے بجائے غیرجانبداری اور آئینی وقار برقرار رکھنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان سمیت پوری قیادت اور کارکنوں کے خلاف جعلی اور من گھڑت مقدمات قائم کیے گئے ہیں، مگر اسپیکر پنجاب اسمبلی پی ٹی آئی پر الزام تراشی سے قبل شریف خاندان کی اداروں پر چڑھائیوں اور کرپشن کے سنگین مقدمات پر نظر ڈالنے سے کیوں گریز کر رہے ہیں؟ 9 مئی کے واقعات کا واویلا دراصل ن لیگ کے سیاسی انتقام کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے،معاون خصوصی نے کہا کہ آئین کا احترام صرف تقاریر سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ثابت کیا جاتا ہے جبکہ ن لیگ کی حکومت نے آئین و قانون کا جنازہ نکال دیا ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ پنجاب اسمبلی میں منتخب وزیراعلیٰ اور اراکین کو دھکے دینا اور روکنا کون سا آئین اجازت دیتا ہے؟ اسمبلی کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کی ہوتی ہے،شفیع جان نے اسپیکر ملک احمد خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی کو ن لیگ کا ذیلی دفتر بنا دیا ہے اور پنجاب حکومت سیکیورٹی کے نام پر اپنے سیاسی خوف کو چھپا رہی ہے،منتخب عوامی نمائندوں کی تذلیل سے جمہوریت مضبوط نہیں بلکہ کمزور ہوتی ہے،پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والا واقعہ ن لیگ کی سیاسی عدم برداشت کی واضح مثال ہے،انہوں نے مزید کہا کہ عظمیٰ بخاری کی جانب سے مسلسل نسلی تعصب پر مبنی بیانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ جعلی پنجاب حکومت سیاسی انتقام میں بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے،شفیع جان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو خیبرپختونخوا اسمبلی آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک احمد خان کو اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے جمہوری روایات اور پارلیمانی وقار کے حوالے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا، انہوں نے خبردار کیا کہ ن لیگ یہ بات یاد رکھے لاہور کا دورہ تو صرف اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز تھا۔

مزید پڑھیں