وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا سندھ میں شاندار استقبال ثابت کرتا ہے کہ سندھ کے عوام بھی لانگ مارچ کے لیے تیار ہیں، شفیع جان

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور پارٹی قیادت کی سندھ آمد پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور عوام کی جانب سے شاندار استقبال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سندھ کے عوام اور پارٹی کارکنان بھی 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پارٹی قیادت کی خیبر پختونخوا میں تاریخی اسٹریٹ موومنٹ کے بعد سندھ میں عوامی رابطہ مہم 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے لیے تاریخ ساز ثابت ہوگی۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں عوام اور کارکنوں کی اسٹریٹ موومنٹ میں بھرپور شرکت عمران خان کے ساتھ عوامی وابستگی اور تحریک انصاف کی مقبولیت کا مظہر ہے۔ضلع گھوٹکی اور سندھ کے دیگر شہروں میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے شاندار استقبال اور عوامی رابطہ مہم میں بھرپور شرکت پر سندھ کے عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عمران خان وہ واحد قومی لیڈر ہیں جن کی مقبولیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک پھیلی ہوئی ہے۔ سندھ کے عوام کی جانب سے جس محبت اور جوش و جذبے کا اظہار کیا جا رہا ہے، وہ اس بات کا مظہر ہے کہ عمران خان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد کو ملک بھر میں عوامی حمایت حاصل ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں جاری اسٹریٹ موومنٹ عوامی جدوجہد کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کرے گی۔ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور ملک بھر سے عوام اور کارکن اس میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہونے والا سیاسی انتقام اب عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا توہین عدالت ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کی فیملی سے ملاقاتوں اور ان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آنے والے حکمران عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ عمران خان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے اعلان سے حکمران شدید خوفزدہ ہیں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہر صورت ہوگا۔شفیع جان نے کہا کہ سندھ کے عوام کے ساتھ مل کر عمران خان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

مزید پڑھیں