وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان اور پاکستانی قوم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت اور آزادی کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کو یہ پیغام دیتا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری ریاستی جبر، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے ایک کھلا چیلنج ہیں۔ مقبوضہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف اور عالمی ذمہ داری کا سنگین مسئلہ ہے، جس پر عالمی برادری کی خاموشی ناقابلِ قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و ستم، جبر اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں، اس کے باوجود ان کی جدوجہدِ آزادی آج بھی زندہ ہے اور کسی دباؤ کے آگے جھکنے کو تیار نہیں۔ یہی وہ جدوجہد ہے جسے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ عالمی ضمیر کے سامنے جرات مندی سے اجاگر کیا۔شفیع جان نے کہا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو ایک انسانی حقوق کے مسئلے کے طور پر پیش کیا اور اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر کشمیری عوام کی بھرپور ترجمانی کی۔ عمران خان نے واضح مؤقف اختیار کیا کہ خطے میں پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر سرکاری سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام کر رہی ہے، جن میں خصوصی واکس شامل ہیں، جبکہ تمام سرکاری عمارتوں اور اہم مقامات پر پینا فلیکسز اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں تاکہ بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔معاونِ خصوصی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ، پائیدار اور دیرپا حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی جائز جدوجہد کو ہر عالمی فورم پر پوری قوت کے ساتھ اجاگر کرتا رہے گا۔
