یومِ شہدائے پولیس پر صوبائی وزراء آفتاب عالم اور شفیع جان کا شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت، قربانیوں کو امن و استحکام کی بنیاد قرار

کوہاٹ میں یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم، صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان اور سینیٹر خرم ذیشان نے شرکت کرتے ہوئے پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو ملک میں امن، قانون کی بالادستی اور قومی استحکام کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔ تقریب میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، ڈی آئی جی کوہاٹ عرفان طارق، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال، پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے گئے، فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزراء آفتاب عالم اورشفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء نے وطن میں امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء پوری قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جن کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج معاشرے میں امن، استحکام اور تحفظ کا احساس ممکن ہوا ہے اور قوم انہیں ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی کفالت، فلاح و بہبود اور عزت و تکریم حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صوبائی حکومت پولیس شہداء کے اہل خانہ کی مالی معاونت، سرکاری ملازمتوں، تعلیمی سہولیات اور دیگر مراعات کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ انہیں ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ دہشت گردی خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے تاہم حکومت اس ناسور کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں زخمی ہونے والے پولیس غازیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری، استقامت اور فرض شناسی نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہے جبکہ انہی جری جوانوں کی قربانیوں کے باعث صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید مستحکم ہوئی ہے۔ تقریب کے اختتام پر پولیس شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے اہل خانہ کیلئے صبرِ جمیل، زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی اور ملک میں پائیدار امن، قانون کی بالادستی، استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

مزید پڑھیں