وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کی تحریک کا باقاعدہ آغاز ہے اور یہ جلسہ عمران خان اور ان کے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر عوام، خصوصاً نوجوانوں، کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ عمران خان کی رہائی کی تحریک میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان آج بھی اس ملک کے سب سے مقبول سیاسی لیڈر ہے،شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے جلسے سے اپنے خطاب میں جو مطالبات پیش کیے، وہ مکمل طور پر آئین اور قانون کے دائرے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے کیونکہ دونوں کو انصاف کی بلا تاخیر فراہمی انکا بنیادی حق ہے،شفیع جان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان پر عائد تمام پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں، ان کے اہل خانہ، وکلا، ذاتی معالجین، سیاسی رفقا اور دوستوں سے ملاقاتوں کی مکمل اجازت دی جائے اور جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات بلا تاخیر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مطالبات آئینی، قانونی اور مکمل طور پر جائز ہیں،
شفیع جان نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتوں، انصاف کے حصول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کیے ، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور انہیں ڈاکٹروں، وکلا اور پارٹی قیادت تک رسائی نہیں دی جا رہی، جو آئین، قانون، جیل قواعد اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے
انھوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ہونے والے تاریخی لانگ مارچ میں عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف اپنی جدوجہد آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جاری رکھے ہوئے ہے اور عمران خان کی رہائی، انصاف کی بالادستی اور عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری، آئینی اور قانونی راستہ اختیار کرے گی۔
