خیبر پختونخو کے وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ا شفیع جان نے سندھ میں وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت میں اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق کہا ہے کہ گھوٹکی سے عمرکوٹ، ٹنڈو اللہ یار اور حیدر آباد تک اسٹریٹ موومنٹ میں عوامی سمندر نے سندھ کی سیاسی فضا بدل کر رکھ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں جاری اسٹریٹ موومنٹ کے شاندار مناظر ملک میں ایک نئے سیاسی دور کی نوید ہیں، جسے اب روکا نہیں جا سکتا۔سندھ کے عوام تبدیلی کا فیصلہ کر چکے ہیں
شفیع جان نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کے دوران عوام میں بانی چیئرمین عمران خان کے لیے بے پناہ محبت اور جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ سندھ کے عوام نے واضح کر دیا ہے کہ وہ حقیقی عوامی مینڈیٹ کی بحالی اور جمہوری حق کے حصول اور عمران خان کی رہا ئی تحریک کے لئے مکمل طور پر تیار ہے،
وزیر اطلاعات نے سندھ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے قافلے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور خندقیں کھودنے سے متعلق کہا کہ حیدرآباد اور کراچی جاتے ہوئے وزیراعلی سہیل آفریدی کے قافلے کو روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنا اور خندقیں کھودنا افسوسناک ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت سے سوال کیا کہ سڑکوں پر رکاوٹیں کون کھڑی کر رہا ہے؟ کل بلاول زرداری نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو خوش آمدید کہا، جبکہ آج ان کی سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف ایسی فسطائیت اور اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی،
شفیع جان نے کہا کہ پرامن سیاسی سرگرمیوں کا انعقاد پاکستان تحریک انصاف کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے۔ پرامن سیاسی سرگرمیوں سے خوفزدہ ہونا جمہوریت نہیں۔
وزیر اطلاعات نیمزید کہا کہ کراچی کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے مینڈیٹ دیا، لیکن بدقسمتی سے وفاق اور پنجاب کی طرح کراچی میں بھی پی ٹی آئی کا عوامی مینڈیٹ چھینا گیا، عوامی مینڈیٹ کے بجائے فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آنے والے وزراء قومی سانحات پر بھی بے حس ہیں۔
شفیع جان نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا بنیادی اور سب سے اہم مرکز ہے، جبکہ کراچی کی ترقی براہ راست پاکستان کی مجموعی معاشی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ کراچی کے مسائل کا حل صرف دعوؤں سے نہیں بلکہ حقیقی عوامی مینڈیٹ کی بحالی اور بہتر طرز حکمرانی سے ممکن ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی سمیت وفاق اور پنجاب میں مینڈیٹ چور حکمرانوں سے نجات جلد حاصل کریں گے۔ عوامی مینڈیٹ کی بحالی اور حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ میں لاکھوں لوگ شریک ہوں گے۔ عمران خان کی رہائی اور عوامی مینڈیٹ کی واپسی کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور عوام کے جمہوری حقوق کے حصول تک یہ تحریک جاری رہے گی
