.سندھ کے عوام بھی ظلم، ناانصافی اور سیاسی انتقام کے خلاف کھڑے ہیں، شفیع جان

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کہا ہے کہ اندرون سندھ اسٹریٹ موومنٹ کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پارٹی قیادت کا شاندار استقبال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا پیغام ملک کے ہر شہر، ہر گاؤں اور ہر گلی تک پہنچ چکا ہے۔وزیر اطلاعات نے شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، خیرپور اور نوشہروفیروز میں عوامی رابطہ مہم کے دوران بھرپور شرکت پر سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عمران خان کی رہائی، حقیقی آزادی اور 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے اندرون ملک سفر پر بھی بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا گیا،شفیع جان نے کہا کہ سندھ کے عوام ظلم، ناانصافی اور سیاسی انتقام کے خلاف کھڑے ہیں۔ سندھ میں عوام روایتی سیاست، سیاسی اجارہ داری اور ناقص طرز حکمرانی سے تنگ آچکے ہیں، سندھ میں عوام نے پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے حق میں اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔ اندرون سندھ میں تحریک انصاف کی عوامی پذیرائی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جڑیں سندھ میں بھی مضبوط ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے قائد عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب فیصلہ کن لانگ مارچ ہوگا۔ یہ لانگ مارچ عمران خان کی رہائی اور حقیقی آزادی کی جدوجہد میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔پاکستانی عوام جلد وفاق پر مسلط مینڈیٹ چور اور نااہل ٹولے سے نجات حاصل کریں گے۔

مزید پڑھیں