زیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے جمعہ کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنوں بم دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی عیادت کی، اس موقع پر ہسپتال ڈائریکٹر طارق برکی بھی موجود تھے، معاون خصوصی شفیع جان نے زخمی اہلکار کی خیریت دریافت کی اور انکے خاندان کے افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے زخمی اہلکار کی صحت اور علاج کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر معاون خصوصی شفیع جان نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکار کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوان صوبے کا فخر ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری اور قربانی کی لازوال مثالیں قائم کیں۔شفیع جان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے،بعد ازاں ہاسپٹل ڈائریکٹر طارق برکی نے معاونِ خصوصی کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی طبی خدمات، سہولیات بارے بریفنگ بھی دی۔
