خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں سندھ کا پانچ روزہ دورہ انتہائی کامیاب رہا۔انہوں نے کہا کہ گھوٹکی سے کراچی تک اسٹریٹ موومنٹ میں ہزاروں افراد کی بھرپور شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ سندھ کے عوام حقیقی آزادی کی جدوجہد میں بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ سندھ کے عوام نے جس جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تحسین ہے۔شفیع جان نے اسٹریٹ موومنٹ میں بھرپور شرکت پر پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ملک میں آئین، قانون کی بالادستی، عمران خان ان کی رہائی اور حقیقی جمہوریت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا سندھ ہائیکورٹ بار میں کامیاب وکلاء کنونشن آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ وکلاء برادری نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے بانی چیئرمین عمران خان سے متعلق عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی کی، ان کی صحت جیسے حساس معاملے پر سیاست کی گئی اور انہیں طبی سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا۔ وفاقی حکومت کو اپنے ان اقدامات پر توہین عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے قافلے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے حوالے سے شفیع جان نے کہا کہ بدقسمتی سے کراچی اور حیدرآباد میں منتخب وزیراعلیٰ کے قافلے کا راستہ روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلیٰ کو رکاوٹوں کے باعث رات کی تاریکی میں کچے راستوں سے سفر کرنا پڑا۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ پاکستان تحریک انصاف کا عزم کمزور کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ہمیں خوفزدہ کیا جاسکتا ہے۔شفیع جان نے کہا کہ کراچی ٹول پلازہ پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے استقبال کے لیے عوام کا جم غفیر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملک پر مسلط فارم 47 کے حکمران یاد رکھیں کہ عوام ہی عمران خان کی اصل طاقت ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کو سیاسی جاگیر سمجھنے والوں کی اجارہ داری اب ختم ہونے والی ہے۔ بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے عوام کو دیا گیا سیاسی شعور سے ملک پر مسلط موجودہ نظام خوفزدہ ہے۔وزیر اطلاعات شفیع جان نے واضح کیا کہ عمران خان کی رہائی، آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی تک پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔
