
خیبرپختونخوا میں پیپر لیس گورننس اور ڈیجیٹل عوامی خدمات کے فروغ کے لیے وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان کی موجودگی میں خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پاگیا جسکے تحت کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتری امور اور ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا، جبکہ ریگولیٹری منظوریوں اور این او سیز کے لیے آن لائن پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر شفیع جان نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پیپر لیس و کیش لیس گورننس،سیاحت کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کی جانب عملی پیشرفت ہے۔ پیپر لیس گورننس سے نہ صرف وقت اور سرکاری وسائل کی بچت ہوگی بلکہ سرکاری امور میں شفافیت اور کارکردگی بھی بہتر ہوگی انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بانی چئیر مین عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہے جسکے تحت وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت میں عوامی خدمات و سہولیات کے لئے موثر اقدامات اٹھارہے ہیں، اس ضمن میں خیبرپختونخوا حکومت عوام کو تیز، شفاف اور آسان خدمات کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنا رہی ہے۔ سیاحت سمیت ہر شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا اور سیاحتی مقامات کو ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اقدامات کا بنیادی مقصد شہریوں، کاروباری افراد اور سیاحوں کو سہولت فراہم کرنا اور سرکاری خدمات تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔ یاد رہے کہ مفاہمتی یادداشت پر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر عاکف خان اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شیراز خان نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت وادی ناران کاغان میں نجی کاروباروں اور سروسز کے لیے کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے ادائیگیوں کو کیش لیس بنایا جائے گا،کاروباری افراد کو آن لائن درخواست، فیڈبیک، درخواستوں کی ٹریکنگ اور ڈیجیٹل فیس کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کاروباری افراد اور سیاحوں کو بہتر اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے “کاغان” کے نام سے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی گی۔ ایپلی کیشن کے ذریعے سیاحتی مقامات، رہائش، نقشوں اور ہنگامی صورتحال سے متعلق الرٹس سمیت مختلف معلومات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
