وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کانوائے پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،یہاں سے جاری مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے،شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر فرض شناسی اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے اور صوبے میں قیام امن کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں حکومت اور پولیس کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،دہشتگردی کا مکمل قلع قمع کیا جائے گا،معاون خصوصی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور شہداء قوم کا فخر ہیں۔ صوبائی حکومت پولیس کو جدید اسلحہ، آلات اور وسائل فراہم کرنے سمیت ان کی استعداد کار میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے،انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمی پولیس آفیسر اور ڈرائیور کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
