وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کوہاٹ میں مشتبہ ڈرون پروازوں کو مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنانے پر خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ کوہاٹ پولیس کی خصوصی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ڈرون کو اینٹی ڈرون سسٹم کے ذریعے جام کرکے ناکارہ بنایا جو کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبائی حکومت کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور پولیس کے استعداد کار میں اضافے کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ سمیت پورے صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور کسی کو بھی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔معاون خصوصی نے بتایا کہ ڈرون کا ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔شفیع جان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے 31 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دے رکھی ہے، جس میں سے 7 ارب روپے جدید اسلحہ، اینٹی ڈرون جیمنگ سسٹم اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی خریداری پر خرچ کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں قیامِ امن کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔دریں اثناء معاون خصوصی شفیع جان نے لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
