یتیم بچوں کی فلاح اولین ترجیح، معاونِ خصوصی شفیع جان کا احساس مرکز کوہاٹ کا دورہ

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے پاکستان بیت المال کے زیرِانتظام قائم احساس مرکز کوہاٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ادارے میں مقیم یتیم اور نادار بچوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی تعلیم، تربیت اور روزمرہ سہولیات کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ دورے کے دوران شفیع جان انے بچوں کی خیریت دریافت کی اور ان سے دوستانہ ماحول میں گفتگو کی۔ انہوں نے بچوں سے ان کے تعلیمی معمولات، رہائش، خوراک اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ حکومت مستحق اور یتیم بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور نگہداشت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے۔ معاونِ خصوصی نے ادارے کے ذمہ داران اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ انہیں ایک محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے اداروں میں بچوں کی ذہنی و تعلیمی نشوونما پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ مستقبل میں معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ شفیع جان نے احساس مرکز کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے نادار اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور خدمت ایک مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات اور معاشرے کے دیگر طبقات کو بھی ایسے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ مستحق بچوں کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ ادارے کے حکام نے اس موقع پر معاونِ خصوصی کو مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور جاری فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ شفیع جان نے یقین دلایا کہ حکومت یتیم اور مستحق بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اداروں کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں