صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، اس ضمن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضم اضلاع کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج“روخانہ قبائل”کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صحت، تعلیم، روزگار اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی جائے گی، ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص ضم اضلاع ایک طویل عرصے تک دہشت گردی کا شکار رہے ہیں جبکہ بدقسمتی سے وفاقی حکومت نے بھی ضم اضلاع کی ترقی کے لیے وعدے کے مطابق فنڈز فراہم نہیں کیے جس کی وجہ سے وہاں ترقی کا عمل شدید متاثر ہوا۔ تاہم اب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت ضم اضلاع کی پسماندگی، احساس محرومی کے خاتمے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے،شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع میں اسکولوں، مراکز صحت اور دیگر سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کرے گی جس سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ انضمام کے وقت وفاقی حکومت نے سالانہ 100 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر سات برسوں میں مجموعی طور پر صرف 168 ارب روپے دیے گئے جبکہ وفاق کے ذمے اب بھی 532 ارب روپے واجب الادا ہیں،انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل سے ضم اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے اور“روخانہ قبائل”پیکج اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ معاون خصوصی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں اضافی فنڈز کی فراہمی یقینی بنائے کیونکہ دہشت گردی سے پورا صوبہ بالخصوص ضم اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں،وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ضم اضلاع کی ترقی کے لیے اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے۔

مزید پڑھیں