سالڈ ویسٹ کو ری سائیکل کرکے نہ صرف ماحولیاتی بہتری بلکہ آمدن بھی حاصل کی جا سکتی ہے، شفیع جان

محکمہ بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا کی جانب سے یونیسف کے تعاون سے کوہاٹ اور ہری پور میں انٹیگریٹڈ ریسورس اینڈ ریکوری سینٹرز کے پائیدار آپریشنز کے پائلٹ منصوبے کے آغاز کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد پشاور میں کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان، محکمہ بلدیات کے افسران، یونیسف کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی شفیع جان نے کہا کہ دنیا تیزی سے جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹمز کی جانب بڑھ رہی ہے، چین 2030 تک یومیہ 480 ملین ٹن سالڈ ویسٹ کو ری سائیکل کرکے دوبارہ استعمال میں لانے کا ہدف رکھتا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کچرے کو مؤثر منصوبہ بندی کے تحت ایک قیمتی ریسورس میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی سالڈ ویسٹ کو ری سائیکل کرکے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ اس سے خاطر خواہ معاشی فوائد بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں،شفیع جان نے کہا کہ پاکستان کا ایک بڑا مسئلہ یہ رہا ہے کہ منصوبے تو شروع کر دیے جاتے ہیں مگر انہیں برقرار نہیں رکھا جاتا جس کے باعث مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہو پاتے، گورننس کے حوالے سے پالیسی میں تسلسل تمام حکومتوں کے لیے ایک بڑا چیلنج رہا ہے جس پر سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے منصوبے کے لیے یونیسف کے تعاون کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جو وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں نئے آئیڈیاز کو عملی جامہ پہنانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے، جبکہ جدید تقاضوں کے مطابق کام کرکے صوبے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ معاون خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، کام کا تسلسل برقرار رکھا جائے اور عوام پر بوجھ کم رکھنے کے لیے سروس چارجز کم سے کم رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے کی گورننس مزید بہتر ہو رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا رکھی ہے،شفیع جان نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ صوبائی حکومت کے 100 دن مکمل ہو رہے ہیں اور ان دنوں کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی گورننس میں محکمہ بلدیات کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور جدید تکنیکس کو بروئے کار لا کر آمدن کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں،انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی معیشت کی بہتری میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نے اہم کردار ادا کیا ہے، پانی سمیت سالڈ ویسٹ کو ری سائیکل کرکے دوبارہ استعمال میں لا کر نہ صرف ماحولیاتی بہتری بلکہ آمدن بھی حاصل کی جا سکتی ہے، معاون خصوصی شفیع جان نے امید ظاہر کی کہ کوہاٹ اور ہری پور میں شروع کیا گیا یہ پائلٹ منصوبہ کامیاب ہوگا اور جدید تکنیکس کے ذریعے صوبے اور ملک کو دیرپا فائدہ پہنچائے گا۔

مزید پڑھیں