وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافے پرتنقید کرتے ہوئے اسے مہنگائی کے شکار عوام کے لیے ظلم قرار دیاہے اور کہا ہے کہ ایک دیہاڑی دار اور تنخواہ دار طبقہ پہلے ہی دو وقت کی روٹی کے لیے جدوجہد کر رہا ہے اس لئے جعلی وفاقی حکومت کے اس فیصلے سے غریب عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا اور وہ مزید مہنگائی کی دلدل میں دھنس جائیگا،انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یہ اضافہ ہر گھر کے چولہے، ہر مزدور کی جیب اور ہر غریب کے بجٹ پر براہ راست اثر ڈالے گا،اس اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ، آٹا اور گھی سمیت روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی جس سے عام آدمی کی زندگی مزید اجیرن ہو جائے گی،معاون خصوصی نے کہا کہ بانی چئیر مین عمران خان کے دور حکومت میں 150 روپے فی لٹر پٹرول پر واویلا مچانے والے بے حس حکمران طبقے کا دوغلا پن قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ آخر معاشی بوجھ ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے پر ہی کیوں ڈالا جاتا ہے،شفیع جان نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے اور ایسے فیصلے کرے جو مہنگائی کے طوفان کو مزید بڑھانے کی بجائے عام آدمی کے مفاد میں ہوں،حکومتی فیصلوں اور پالیسیوں کا محور ہمیشہ عام عوام ہو ناچاہیے، عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانا حکومتوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہر فورم پر عوام کے حق کی آواز بلند کرتی رہے گی اور عام آدمی کے مفاد کے تحفظ کے لیے بھرپور مؤقف اختیار کرے گی۔
