خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا ہے کہ عوامی خدمت، مسائل کا بروقت حل اور سہولیات کی بہتر فراہمی نہ صرف ان کی ذمہ داری ہے بلکہ ان کے لیے باعث اعزاز بھی ہے، عوامی مسائل کا مؤثر حل صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا مختلف عوامی مقامات کے اچانک دورے کر رہے ہیں جہاں وہ شہریوں کے مسائل موقع پر ہی سن کر متعلقہ حکام کو فوری حل کی ہدایات جاری کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے یہ دورے عوامی خدمت اور شفاف طرز حکمرانی کی بہترین مثال قرار دئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنی رہائش گاہ ملک پور پیربابا بونیر میں مختلف وفود، عمائدین علاقہ، پارٹی کارکنان اور مقامی لوگوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقے کے لوگوں نے صوبائی وزیر کو اپنے درپیش مسائل، بنیادی سہولیات میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر عوامی امور کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ریاض خان نے تمام مسائل اور تجاویز کو نہایت سنجیدگی اور توجہ کے ساتھ سنا اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ صوبائی وزیر ریاض خان نے کہا کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور عوامی اعتماد پر پورا اترنا ان کا فرض بھی ہے اور مشن بھی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ریاض خان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت انہیں حقیقی دلی اطمینان دیتی ہے اور وہ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ عوام کو صحت، صاف پانی، تعلیم، سڑکوں، آبپاشی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر اور مؤثر انداز میں یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ عوام کے ساتھ رابطہ ہمیشہ برقرار رکھا جائے گا اور ایسی ملاقاتوں کا مقصد یہی ہے کہ مسائل براہ راست سنے جائیں اور ان کا فوری اور عملی حل نکالا جائے
