وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا ریاض خان نے کہا ہے کہ صوبے میں بہترین نظام آبپاشی کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں گے آبپاشی کے تمام منصوبوں میں عوام کی بہتری اور ترقی اولین ترجیح ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ترقی، انصاف اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور قائد عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالیرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی عمران خان کے اعتماد سے منصب پر فائز ہیں اور وہ صوبے کی ترقی کے لیے بہترین اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ورسک ڈیم کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ آبپاشی محمد آیاز، چیف انجینئر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو ”ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم“ منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ منصوبے پر تقریباً 78 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ صوبائی وزیر نے زیر تعمیر تقریباً 5 کلومیٹر طویل آگزیلری ٹنل اور پمپ ہاؤس کا معائنہ کیا، جبکہ انہیں منصوبے کے تعمیراتی کام، ترقیاتی امور، افادیت، لاگت، اخراجات اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا کہ ”ری ماڈلنگ آف ورسک کینال“ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف پشاور اور نوشہرہ کی ہزاروں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی بلکہ پانی کے بہاؤ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور کاشتکاروں کے پانی کی کمی کے مسائل بھی حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیموں اور آبپاشی کے منصوبوں کی تعمیر سے نہ صرف پانی کے مسائل حل ہوں گے بلکہ اس سے زراعت، توانائی، سیاحت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے صوبے کی معیشت مضبوط ہوگی۔آخر میں صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے سختی سے تاکید کی کہ عام عوام کو ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔ دورے کے موقع پر صوبائی وزیر ریاض خان نے پودا بھی لگایا۔
