خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے بدھ کے روز پشاور کے علاقہ بڈھنی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے نہر کے دونوں اطراف جاری ترقیاتی سرگرمیوں، حفاظتی بندوں، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے مجموعی انتظامات کا بغور جائزہ لیا

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے بدھ کے روز پشاور کے علاقہ بڈھنی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے نہر کے دونوں اطراف جاری ترقیاتی سرگرمیوں، حفاظتی بندوں، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے مجموعی انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی محمد آیاز،چیف انجینئر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ دورہ کے موقع پر متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر آبپاشی کو ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے ہدایت کی کہ بڈھنی نالہ اور اس سے ملحقہ نہری گزرگاہ کے اطراف حفاظتی پشتوں کی تعمیر و مضبوطی کے عمل کے کام کے رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال میں شہریوں کی زندگیوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو محفوظ رکھا جا سکے۔ ریاض خان نے کہا کہ بڈھنی نالہ پشاور کے مصروف ترین علاقوں میں شامل ہے جہاں معمولی تاخیر بھی شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔ لہٰذا صفائی ستھرائی، ملبہ ہٹانے، نکاسی آب کی بہتری اور حفاظتی پشتوں کی بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ اسی موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی نے یہ بھی واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات کے مطابق صوبائی حکومت شہریوں کی حفاظت، مؤثر نکاسی آب، سیلابی خطرات سے بچاؤ اور بنیادی انفراسٹرکچر کی مضبوطی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ویژن کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنانا لازم ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام کام ترجیحی بنیادوں پر اور اعلیٰ معیار کے مطابق جلد مکمل کیے جائیں۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت عوامی ریلیف اور شہریوں کی سلامتی کو اپنا فرض سمجھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں تمام محکمے ایک جامع حکمت عملی کے تحت ہنگامی نوعیت کے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے عزم کا ظاہر کیا کہ بڈھنی نالہ کے اطراف جاری منصوبے جلد مکمل کر کے عوام کو ایک محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں