وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے گڈ گورننس اور اوپن ڈو رپالیسی کے تحت محنت کش مزدوروں کو درپیش مسائل کے فوری حل اور شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے محکمہ محنت خیبر پختونخوا کے زیراہتمام پشاور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری کی صدارت سیکرٹری محکمہ محنت و چیئرمین ورکرز ویلفیئر بورڈ کیپٹن (ر) میاں عادل اقبال نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ شیر عالم خان، وائس کمشنر ای ایس ایس آئی وسیم احمد، ڈائریکٹر لیبر طارق خان، ڈائریکٹر ورکس آصف مجید، ڈائریکٹر میڈیکل, ڈپٹی ڈائریکٹر ورکس سمیت محکمہ محنت اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کھلی کچہری میں صنعتی مزدوروں بالخصوص خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست انتظامیہ کے سامنے پیش کیے، جن کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ محنت نے کہا کہ محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود حکومتِ خیبر پختونخوا کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قابلیت کی بنیاد پر ہر سال پانچ مزدوروں کے بچوں کو بین الاقوامی تعلیمی وظائف فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ہر سال دس مزدوروں کے بچوں کو سی ایس اے اکیڈمی کے ذریعے سول سروسز امتحانات کی تیاری کے لیے حکومتی اخراجات پر مواقع دیے جائیں گے۔کھلی کچہری کے دوران مزدوروں کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے افسران نے شفاف، جامع اور تسلی بخش انداز میں جوابات دیے اور شرکاء نے انتظامیہ کے عوام دوست رویے، بروقت اقدامات اور مسائل کے فوری حل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا انعقاد حکومتِ خیبر پختونخوا کے محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود، شفاف حکمرانی اور عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے عزم کی عملی عکاسی ہے۔
