مشیر برائے قانون و پارلیمانی امور کو خاتون محتسب کے دفتر ، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ

گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے قانون و پارلیمانی امور عامر جاوید نے کہا ہے کہ پبلک سروس ڈیلیوری خدمتِ خلق اور عوامی اعتماد کے استحکام کا اہم ذریعہ ہے۔ سرکاری افسران اپنے فرائض دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں خاتون محتسب کے دفتر کے ساتھ تعارفی اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ قانون شاہد سہیل، خاتون محتسب رباب مہدی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ندا خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر خاتون محتسب رباب مہدی نے ادارے کی کارکردگی، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔عامر جاوید نے خاتون محتسب سمیت متعلقہ اداروں کو وفاقی آئینی عدالت، عدالت عظمیٰ پاکستان اور پشاور ہائی کورٹ کے فیصلوں اور احکامات پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کی پاسداری ادارہ جاتی ذمہ داری ہے اور اس سے عوام کا نظامِ انصاف پر اعتماد مضبوط ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراسانی سے تحفظ، شکایات کا بروقت ازالہ اور قانونی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔ خواتین کے جائیداد اور وراثت سے متعلق حقوق کا تحفظ بھی ناگزیر ہے، جبکہ متعلقہ ادارے شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی اور مؤثر داد رسی یقینی بنائیں۔مشیر قانون نے زور دیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین پر مؤثر عمل درآمد، اداروں کے درمیان رابطے اور عوامی شکایات کا شفاف انداز میں ازالہ یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں، بالخصوص خواتین، کو انصاف اور قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں