سڑکوں کا مضبوط نیٹ ورک ترقی کی بنیاد ہے، صوبائی وزیر قانون کا زیارت شیخ اللہ داد روڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب

خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم نے کہا ہے کہ سڑکوں کا مضبوط اور معیاری نیٹ ورک کسی بھی علاقے کی سماجی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے کیونکہ اس سے عوام کو تعلیم، صحت، تجارت اور دیگر بنیادی سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے یہ بات ضلع کوہاٹ میں زیارت شیخ اللہ داد روڈ منصوبے کے باضابطہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ 12 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم اور رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کے ترقیاتی فنڈز سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی عمائدین، منتخب نمائندوں، سیاسی کارکنوں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔منصوبے کا مقصد علاقے میں سفری سہولیات کو بہتر بنانا، دیہی آبادی کو مرکزی شاہراہوں سے منسلک کرنا، سیاحت کی ترقی اور مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ آفتاب عالم نے کہا کہ مذکورہ سڑک کی تکمیل سے علاقے کے عوام کو درپیش دیرینہ سفری مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ مختلف دیہات کے درمیان رابطہ بھی مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر انفراسٹرکچر نہ صرف عوامی سہولت کا باعث بنتا ہے بلکہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور دور افتادہ علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما ساجد اقبال اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔ شرکاء نے منصوبے کو علاقے کی بنیادی ضروریات میں شامل ایک اہم ترقیاتی اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے مقامی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور علاقے میں معاشی و سماجی سرگرمیوں کو نئی تحریک ملے گی۔ حکام کے مطابق روڈ منصوبے کی تکمیل کے بعد زیارت شیخ اللہ داد سمیت ملحقہ علاقوں کے درمیان آمدورفت مزید آسان ہو جائے گی، جبکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

مزید پڑھیں