وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں نظامِ انصاف کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے قانونی اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں مختلف قوانین میں اصلاحات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس وزیر قانون آفتاب عالم کی زیر صدارت محکمہ قانون کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ قانون اور ایڈووکیٹ جنرل آفس کے اعلیٰ حکام و نمائندگان نے شرکت کی، جہاں متعدد اہم قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد عوام کو فوری، سستے اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے لیے قانونی و عدالتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا تھا۔کمیٹی نے مصالحتی جرگہ ایکٹ، پراسیکیوشن ایکٹ، مینٹیننس آف پبلک آرڈر (MPO) سمیت دیگر اہم قوانین میں مجوزہ اصلاحات پر غور کیا۔ اراکین نے اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں، جن کی روشنی میں مجوزہ ترامیم کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔قانونی اصلاحات کے لیے قائم یہ کمیٹی گزشتہ چھ روز سے مسلسل اجلاسوں کے ذریعے مختلف قوانین کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ ایک جامع اور مؤثر اصلاحاتی پیکج مرتب کیا جا سکے۔مجوزہ ترامیم کا مسودہ جلد ہی حتمی منظوری کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں امید ظاہر کی گئی کہ یہ اصلاحات صوبے میں قانون کی حکمرانی کو مزید مضبوط بنانے، انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے اور ایک جدید، شفاف اور عوامی توقعات سے ہم آہنگ نظامِ انصاف کے قیام کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گی۔
