خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے ہفتہ کی رات لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کے معائنے کرتے ہوئے مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے انہیں علاج معالجے، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دی۔ وزیرِ قانون نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری، بروقت اور بلا تعطل علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیرِ قانون نے کوہاٹ پناہ گاہ کا بھی دورہ کیا اور پناہ گاہ میں فراہم کئے جانے والے کھانے کو خود کھا کر معیار، ذائقے اور صفائی کا عملی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں کا مقصد مستحق اور بے سہارا افراد کو باعزت اور صحت بخش خوراک کی فراہمی ہے جو عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن کا اہم حصہ ہے۔ آفتاب عالم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فلاحی منصوبوں میں شفافیت، صفائی اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کہا کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی خود نگرانی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
