وزیر قانون انسانی حقوق و پارلیمانی امور خیبر پختونخوا آفتاب عالم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے عوام کو مؤثر، شفاف اور سہل خدمات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت انتظامی نظام کو مظبوط بنانے اور قانونی اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کے لئے عمل پیرا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہونے والے کابینہ کی تشکیل کردہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب، وزیر بلدیات و اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی، مشیر خزانہ مزمل اسلم سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف اہم عوامی اور قانونی امور پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے ہری پور میں منکھنیال ایریا کو اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (UADA) میں شامل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں نان کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا اختیار پولیس سے محکمہ ٹرانسپورٹ کو منتقل کرنے کی تجویز کے قانونی، انتظامی اور عوامی سہولت سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں سینیٹر اعون عباس کی جانب سے پیش کیے گئے آئینی ترمیمی بل 2024 سے متعلق آئینی و قانونی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کی آراء سنی گئیں۔
وزیر قانون نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام تجاویز کے قانونی، آئینی اور انتظامی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ عوامی مفاد کے مطابق مؤثر فیصلے کیے جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر مختلف ایجنڈا آئٹمز پر مزید قانونی و انتظامی مشاورت جاری رکھنے اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
