خیبر پختونخوا کے وزیر برائے قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور ایڈووکیٹ آفتاب عالم نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں شہدائے پولیس کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے بہادر شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ان نڈر جوانوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن میں امن کے قیام، قانون کی بالادستی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وزیر قانون نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء نے اپنے خون سے امن، انصاف اور قانون کی ایسی روشن داستان رقم کی ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج معاشرہ امن و استحکام کی جانب گامزن ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ آفتاب عالم نے شہداء نے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا صبر، حوصلہ اور استقامت پوری قوم کے لیے باعثِ احترام ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں اس عزم کی تجدید کا تقاضا کرتی ہیں کہ امن، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے ہم سب مل کر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے اور شہداء کے روشن مشن کو آگے بڑھائیں گے۔
