خیبر پختونخوا کے وزیر بر قانون، پارلیمانی امور و انسانی حقوق آفتاب عالم خان ایڈووکیٹ کی زیرِ صدارت پشاور میں ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سابقہ فاٹا کے مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کے تحت ریگولرائز ہونے والے ملازمین کی آسامیوں کو باقاعدہ طور پر صوبائی سیٹ اپ میں شامل کرنے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان، جبکہ مشیر خزانہ مزمل اسلم نے زوم کے ذریعے شرکت کی۔ اس کے علاوہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقی (پی اینڈ ڈی) اور محکمہ اسٹیبلشمنٹ کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران ”خیبر پختونخوا ریگولرائزیشن آف سروسز آف ایمپلائز آف ارسٹ وہائل فاٹا ایکٹ 2021“ کے تحت مستقل ہونے والے مرجڈ ایریاز کے پراجیکٹس ملازمین اور ان سے منسلک آسامیوں کی قانونی و انتظامی حیثیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ ان ملازمین کی صوبائی ڈھانچے میں شمولیت ایک حساس اور کثیرالجہتی معاملہ ہے جس میں قانونی تقاضوں، عدالتی فیصلوں اور انتظامی ضروریات کو ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔اجلاس میں پلاننگ کیڈر اور نان پلاننگ کیڈر کی واضح تخصیص پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ اس ضمن میں محکمہ اسٹیبلشمنٹ کے آپریشن اینڈ مینجمنٹ سیکشن کے تعاون سے ایک قابلِ عمل اور قانونی طور پر مضبوط فیزیبل راستہ اختیار کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی انتظامی یا قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔مزید برآں اجلاس میں یہ تجویز بھی زیرِ غور آئی کہ پراجیکٹس کے تحت ریگولرائز ہونے والے ملازمین کی باقاعدہ انکیڈرمنٹ کی جائے اور ریٹائرمنٹ کے بعد ان مخصوص آسامیوں کو ڈائنگ کیڈر قرار دیا جائے تاکہ صوبائی سروس اسٹرکچر پر غیر ضروری مالی اور انتظامی بوجھ نہ پڑے اور سسٹم کی پائیداری برقرار رہے۔وزیر قانون آفتاب عالم خان ایڈووکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ معاملہ کی حل کے لئیانصاف، شفافیت اور قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مروجہ قوانین کی روشنی میں ایک ایسا حل تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہے جو نہ صرف ملازمین کے جائز حقوق کا تحفظ کرے بلکہ صوبائی انتظامی ڈھانچے کو بھی مستحکم بنائے۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تمام قانونی، مالی اور انتظامی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کو متعلقہ فورمز پر پیش کیا جائے گا تاکہ حتمی اور قابلِ عمل فیصلہ کیا جا سکے۔
