واپڈا ہائیڈرو سوسائٹی کوہاٹ نے آفریدی چیمپئن لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

آفریدی چیمپئن لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کے پانچویں سیشن کا فائنل سپاہ منڈی کس گراونڈ باڑہ میں نہایت پروقار انداز میں منعقد ہوا، تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان، خیبر پختونخوا پیر عبداللہ شاہ تھے، جس میں واپڈا ہائیڈرو سوسائٹی کوہاٹ نے گلیڈی ایٹر کوہاٹ کو ایک گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فاتح ٹیم کو دو لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا گیا۔ترجمان محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان، خیبر پختونخوا کے مطابق ٹورنامنٹ میں کل 12 ٹیموں نے حصہ لیا جن میں آٹھ ٹیمیں ضلع خیبر سے جبکہ چار ٹیمیں خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان سے شامل تھیں۔ مہمانان میں کمانڈنٹ باڑہ رائفلز کرنل عامر توصیف، اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق، اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر محمد حسین اورکزئی شامل تھے۔ترجمان نے کہا کہ مہمانانِ خصوصی نے نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ ایسے ایونٹس علاقے میں امن، ہم آہنگی اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔ لیگ کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنا اور ان کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی پیر عبداللہ شاہ نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد حسین اورکزئی، آرگنائزر جاوید آفریدی اور اسماعیل آفریدی کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ محکمہ کھیل ضلع خیبر کی کوششوں سے نہ صرف کھلاڑیوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھا جا رہا ہے بلکہ ہزاروں تماشائیوں کے لیے تفریح کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں