خیبرپختونخوا کے وزیر برائے بلدیات مینا خان آفریدی نے ضم اضلاع کی ویلج کونسلز میں کھیلوں کے فروغ کے لیے دیے گئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے سپورٹس فنڈ میں مبینہ کرپشن کی شکایات پر فوری ایکشن لے لیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر بلدیات کو اطلاع ملی تھی کہ سپورٹس فنڈ کے استعمال میں بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جس پر انہوں نے سخت نوٹس لیتے ہوئے بلا تاخیر انکوائری کمیٹی کے قیام کا حکم جاری کر دیا۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق انکوائری کمیٹی ڈائریکٹوریٹ لوکل گورنمنٹ کے دو ڈپٹی ڈائریکٹرز پر مشتمل ہو گی، جو تمام ریکارڈ، منٹس آف میٹنگ، اخراجات کے واؤچرز اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق تصویری شواہد کی تحقیقات کرے گی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کو سات دن کے اندر جامع رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نوٹیفکیشن تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ حکام کو بھیج دیا گیا ہے۔وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے اپنے دفترسے جاری بیان میں کہا کہ کھیلوں کے فنڈز میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسے کا ایک ایک روپیہ امانت ہے، اور جو بھی شخص بدعنوانی میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مینا خان آفریدی نے مزید کہا کہ ضم اضلاع میں کھیلوں کے فروغ کے منصوبوں کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا، اور اس سلسلے میں مکمل آڈٹ کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے
