خیبرپختونخوا کے وزیر برائے بلدیات مینا خان آفریدی نے سوشل میڈیا پر زیر گردش دو ویڈیوز میں سامنے آنے والی رشوت اور کرپشن سے متعلق اطلاعات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ بلدیات کے دو ملازمین کے خلاف ایکشن لے لیا ہے۔ وزیر بلدیات کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے دونوں ملازمین کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں، جنہیں انتہائی سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ویلج کونسل دولت پورہ چارسدہ کے ویلج سیکرٹری کو مبینہ کرپشن کے الزامات پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ نائیبرہوڈ کونسل 59 مندوزئی پشاور کے نائب قاصد کو بھی رشوت لینا کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں معطل ملازمین کے خلاف باقاعدہ انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو تمام شواہد کا جائزہ لے کر مقررہ مدت کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں رشوت اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے اور کسی بھی سطح پر بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت، دھوکہ دہی یا اختیارات کے غلط استعمال پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ محکمہ بلدیات کو شفاف، فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے اصلاحات جاری ہیں اور ہر شکایت کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔
