سیکرٹری لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو ظریف المعانی سے پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کی قیادت ملاقات، درپیش مسائل سے آگاہ کیا

سیکرٹری لائیو اسٹاک، فشریز و کوآپریٹو ظریف المعانی سے اُن کے دفتر میں پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا ڈاکٹر خسرو کلیم، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عاقل محمد اور فنانس سیکرٹری ڈاکٹر محمد مجتبیٰ بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی تاریخ، اغراض و مقاصد اور جاری سرگرمیوں سے سیکرٹری لائیو سٹاک، فیشریز و کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ سیکرٹری لائیو اسٹاک، فیشریز و کوآپریٹیو ظریف المعانی نے پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کے لیے واضح ہدایات جاری کیں اورلائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے لیے طویل عرصے سے زیر التواء فور ٹئیر پروموشن فارمولا کی منظوری سے اتفاق کرتے ہوئے اسے منظوری کے لیے متعلقہ فورم تک بڑھانے کی ہدایت دی۔ سیکرٹری ظریف المعانی نے مزید کہا کہ ڈی وی ایم طلبہ کے لیے انٹرن شپ کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ جامعات سے مشاورت کے بعد انٹرن شپ کے دوران ڈی وی ایم گریجویٹس کو وظیفہ فراہم کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ویٹرنری ڈاکٹروں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کی غرض سے ویٹرنری کلینکس، ڈیری فارمز، پولٹری فارمز اور تشخیصی لیبارٹریز کے قیام کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔سیکرٹری ظریف المعانی نے مزید کہا کہ دیانت داری اور محنت سے کام کرنے والے افسران کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن کابینہ نے صوبے میں لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں سیکرٹری لائیوسٹاک کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں