وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کی ہدایت پر صفائی مہم کے لیے 1414.628 ملین روپے کے فنڈز جاری

خیبرپختونخوا کے عوام کو پاک صاف ماحول فراہمی کی جانب وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے عملی اقدام اٹھاتے ہوئے فنڈز کا اجراء یقینی بنا دیا۔ اس سلسلے میں،محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق صفائی مہم کے لیے1414.628ملین روپے کی خطیر رقم بطور اضافی بجٹ گرانٹ جاری کردئے۔اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے 12 اگست 2025 کے 36ویں اجلاس میں دیے گئے تاریخی فیصلے کے بعد جاری ہونے والے ان فنڈز کا بنیادی مقصد صوبے کے تمام 28 بندوبستی اضلاع کی ویلج کونسلوں میں اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران جامع صفائی مہم چلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صفائی ستھرائی کے عمل کو ویلج کونسل سطح پر لے آئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے 28 بندوبستی اضلاع کے ویلج کونسلز میں صفائی مہم جاری ہے۔ عوام بھی ویلج کونسلز کی سطح پر صفائی کے عمل میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کی گئی اعلامیہ کے مطابق، ویلج کونسلوں میں تعینات خاکروبوں کی تنخواہیں اور صفائی کے لیے استعمال ہونے والے لوڈر رکشوں کے ایندھن اور مرمت کے اخراجات مذکورہ جاری شدہ فنڈز سے ادا کئے جائیں گے۔ جس میں صوبائی دارالحکومت پشاور کے لیے 127.113 ملین روپے سب سے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔ یہ تمام رقم متعلقہ ویلج کونسلوں کے مخصوص بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ اعلامیے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ محکمہ خزانہ ہر تین ماہ بعد باقاعدہ طور پر رپورٹ پیش کرنے پر ہی اگلے مرحلے کے فنڈز جاری کرے گا، جس سے شفافیت اور ذمہ داری کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں