خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات عارف احمد زئی نے ضلع شانگلہ کےدورے کے موقع پر متاثرہ خاندانوں اور مقامی معززین سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر وہ بذاتِ خود شانگلہ حاضر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ عارف احمد زئی نے شہداء کی مغفرت، درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے بھی خصوصاً دعا کی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی محمد سہیل آفریدی نے سانحہ سورینج میں جاں بحق ہونے والے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ہر شہید کے خاندان کے لیے 10،10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ عارف احمد زئی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا اور وہ خود بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ سانحہ کی شفاف انکوائری کی جائے اور غفلت یا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب لیز مالکان اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کان کنوں اور لیز ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں اور جہاں بھی مائنز کے اندر ایس او پیز اور حفاظتی تدابیر پر عمل نہ ہو رہا ہو، وہاں کام کرنے یا داخل ہونے سے بالکل گریز کریں۔ عارف احمد زئی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی تمام غیر محفوظ کانوں کو بلا تاخیر اور سختی کے ساتھ بند کیا جائے گا۔
