خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات و معدنی ترقی عارف احمد زئی سے فرنٹیئر مائن اونرز ایسوسی ایشن کی نمائندہ وفد کی ملاقات

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے معدنیات و معدنی ترقی عارف احمد زئی کا فرنٹیئر مائن اونرز ایسوسی ایشن کی نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں مائننگ سیکٹر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری معدنیات ڈاکٹر محمد اسرار، ڈائریکٹر جنرل منرلز اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فرنٹیئر مائن اونرز ایسوسی ایشن کی نمائندہ وفد نے صوبائی وزیر کو سطحی کرایہ اور ضلعی انتظامیہ کا تعاون، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرانے، ایکسائز ڈیوٹی اور سالانہ کرایوں پر نظرثانی، محکمہ جنگلات سے نقشہ جات کی مد ہم آہنگی، غیر قانونی مائننگ کا خاتمہ، مائننگ ایکٹ 2017 میں درکار ترامیم اور شعبہ معدنیات کو صنعتی درجہ دینے سے متعلق ضروریات و درکار اقدامات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ضم اضلاع میں بھی مائننگ لیزنگ کے عمل کو مکمل طور پر آن لائن اور شفاف بنایا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے اور بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہو۔ انہوں نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف کریک ڈاؤن کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جن علاقوں سے معدنیات نکالی جا رہی ہیں، وہاں کی مقامی آبادی کی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سمیت صوبے کے اپنے وسائل کو بڑھانے کے لیے رائلٹی کی وصولی کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے بھی ھدایات جاری کیں۔ عارف احمد زئی کا مزید کہنا تھا کہ مائننگ سیکٹر میں کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں